پشاور: خیبرپختونخوا حکومت نے موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پالیسی سازی اور عملی اقدامات کے لیے ایک خود مختار کلائمیٹ ایکشن بورڈ قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا قانونی مسودہ صوبائی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔
مسودے کے مطابق بورڈ میں 8 انتظامی سیکرٹری اور نجی شعبے کے 4 ممبران شامل ہوں گے، اور یہ مکمل آزادی کے ساتھ فیصلے کرے گا۔ بورڈ کا مینڈیٹ موسمیاتی پالیسی تیار کرنا، محکموں کے ساتھ روابط قائم رکھنا، تحقیق کرنا اور بین الاقوامی اداروں سے تعاون بڑھانا ہے۔
بورڈ گرین ہاؤس گیسز کی فہرست تیار کرے گا، کاربن کریڈٹ کے حصول کے اقدامات کرے گا اور کم کاربن معیشت کو فروغ دے گا۔ قانونی مسودے کے مطابق ہر چار ماہ بعد بورڈ کا اجلاس لازمی ہوگا تاکہ پالیسیوں اور عملی اقدامات پر پیشرفت کا جائزہ لیا جا سکے۔






