خیبر پختونخوا کے جنگلات سے ایک ارب 70 کروڑ روپے کی غیر قانونی لکڑی کی کٹائی بے نقاب ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق، کچھ افسروں کے خلاف کیسز نیب اور محکمہ اینٹی کرپشن کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ کُل 140 افسران اور اہلکاروں کو شوکاز نوٹس بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
فار سٹری پلاننگ اینڈ مانیٹرنگ سرکل (FP&MC) پشاور کی رپورٹ کے مطابق، ضلع بٹگرام کی تحصیل آلائی اور دیگر علاقوں سے ضبط شدہ تمام لکڑی مزید کارروائی تک تحویل میں لے لی گئی ہے، جس کی مالیت ایک ارب 70 کروڑ روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
رپورٹ میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ غیر قانونی لکڑی کی مقدار میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ تین دیگر کمپاؤنڈز کی مانیٹرنگ ابھی جاری ہے۔ یہ مانیٹرنگ صوبائی کابینہ کی ہدایات پر کی گئی تھی، جس میں ووڈ لاٹس، منظور شدہ ورکنگ پلانز، ایف ڈی ایف اسکیمز، 2003 کی پالیسی برائے خشک اور گرے ہوئے درختوں، اور غیر قانونی کٹائی پالیسی کے تحت کی جانے والی کٹائی کا احاطہ کیا گیا۔ تحقیقات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئی ہیں۔






