لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ننکانہ صاحب سمیت پنجاب کے مختلف سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرین میں راشن و کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔
دورے کے دوران گورنر پنجاب نے جہلم، چکوال، حافظ آباد، راوی اور ننکانہ صاحب میں جاری سیلابی صورتحال کا جائزہ لیا۔ ان علاقوں میں ہزاروں ایکڑ زرعی زمین پانی میں ڈوب چکی ہے، اور سیلاب کی تباہ کاریوں سے عوام کی جانوں اور مال مویشیوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
سردار سلیم حیدر خان نے بتایا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو پنجاب کی سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا گیا ہے، اور صدر مملکت نے ہدایت کی ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما سیلاب متاثرہ علاقوں کے دورے جاری رکھیں اور ہر ممکن امداد فراہم کریں۔ آج کل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔
گورنر پنجاب نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں کے چھ ماہ کے بجلی کے بل اور زرعی زمینوں کے ٹیکس معاف کیے جائیں تاکہ کسانوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے واضح کیا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر سیلاب متاثرین کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا اور جو بھی سیاسی بیان بازی کرے گا وہ سیلاب زدگان کا دشمن ہو گا۔ سردار سلیم حیدر نے کہا کہ جب تک سیلاب متاثرین اپنے گھروں کو واپس نہ پہنچ جائیں، ہم سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔
گورنر پنجاب نے مزید کہا کہ صوبائی ادارے، مشینری اور پاک فوج کے دستے سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں تاکہ ریسکیو اور امدادی کارروائیاں جاری رہیں۔






