گلگت بلتستان میں ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کے دوران پاکستان کے قومی جانور مارخور کے شکار کا پرمٹ 10 کروڑ روپے میں نیلام ہوا، جو تاریخی ریکارڈ ہے۔
استور مارخور کے شکار کا سب سے مہنگا پرمٹ نانگا پربت کنزروینسی ایریا کے لیے 3 لاکھ 70 ہزار ڈالر میں ایک شکار سفاری کے مالک نے حاصل کیا۔ یہ نیلامی فاریسٹ، پارکس اینڈ وائلڈ لائف کمپلیکس گلگت میں منعقد ہوئی، جس میں ملکی و غیر ملکی شکاریوں، منتظمین اور جنگلی حیات کے ماہرین نے شرکت کی۔
حکام کے مطابق شکار سیزن 2025-26 کے لیے مجموعی طور پر 118 جانوروں کے شکار کے پرمٹس پیش کیے گئے، جن میں 4 استور مارخور، 100 ہمالیائی آئی بیکس اور 14 بلیو شیپ شامل ہیں۔
ٹرافی ہنٹنگ پروگرام سے حاصل ہونے والی آمدنی کا 80 فیصد حصہ مقامی کمیونٹیز کو دیا جاتا ہے تاکہ وہ اسے جنگلی حیات کے تحفظ، مقامی ترقیاتی منصوبوں اور سیاحت کے فروغ پر خرچ کریں۔
ماہرین کے مطابق مارخور کے شکار کا پرمٹ 10 کروڑ روپے میں فروخت ہونا نہ صرف عالمی ریکارڈ ہے بلکہ یہ ثابت کرتا ہے کہ گلگت بلتستان کی جنگلی حیات دنیا بھر میں کتنی منفرد اور قیمتی سمجھی جاتی ہے۔






