پاکستان کی متوازن خارجہ پالیسی اور مؤثر ملٹری ڈپلومیسی عالمی سطح پر کامیاب قرار دی گئی ہے۔ بین الاقوامی جریدے دی ڈپلومیٹ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کی اہمیت عالمی منظر نامے میں بڑھ رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکا کی ترجیحات میں نمایاں تبدیلی آئی ہے اور اس کا جھکاؤ بھارت کے بجائے پاکستان کی طرف ہے۔ جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں پاکستان کو امریکا کے لیے ایک اہم شراکت دار سمجھا جا رہا ہے۔
دی ڈپلومیٹ کا کہنا ہے کہ بھارت کے لیے اب نیٹ سکیورٹی پرووائیڈر کا کردار ادا کرنا مشکل ہو رہا ہے۔ امریکا اور پاکستان کے تعلقات میں مشترکہ مفادات مزید ہم آہنگ ہو گئے ہیں جبکہ بھارت اس تبدیلی سے پریشان ہے۔
جریدے کے مطابق پاکستان ہمیشہ تعلقات بہتر بنانے کی کوشش کرتا رہا لیکن بھارت نے اس کے جواب میں کشیدگی بڑھائی اور بلوچستان میں خفیہ مداخلت کی۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ مئی 2025 کے پاک بھارت تنازعے نے ایٹمی تصادم کے خدشات بڑھا دیے تھے تاہم امریکا نے جنگ بندی میں اہم کردار ادا کیا۔ بھارت کا مذاکرات سے مسلسل انکار امریکا کے تعلقات میں بھی بے یقینی پیدا کر رہا ہے۔






