تھائی لینڈ کی پارلیمان نے بھوماج تھائی پارٹی کے رہنما اور قدامت پسند سیاستدان انوتن چرنویراکل کو نیا وزیرِاعظم منتخب کر لیا ہے، جسے شیناواترا خاندان کے لیے بڑا دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔ جمعے کو ہونے والی ووٹنگ میں انوتن نے اپنے حریف چائکاسم نیتیسیری کو شکست دی، انوتن کو 311 ووٹ ملے جبکہ چائکاسم کو 152 ووٹ ملے اور 27 اراکین نے ووٹنگ سے اجتناب کیا۔
انوتن کو لبرل پیپلز پارٹی کی حمایت بھی حاصل رہی، جس نے چار ماہ کے اندر عام انتخابات کرانے کا وعدہ لیا ہے۔ چند پھیو تھائی پارٹی کے اراکین نے بھی پارٹی پالیسی کے برعکس انوتن کی حمایت کی، جس میں سابق نائب وزیرِاعظم چالرم یوبامرنگ شامل ہیں۔ باضابطہ نئی حکومت تب قائم ہوگی جب ملک کے بادشاہ ماہا وجیرالونگکورن سے ان کی تقرری ملے گی۔
انوتن کی وزارتِ عظمیٰ عارضی ثابت ہو سکتی ہے کیونکہ وہ جلد نئے انتخابات کا اعلان کر چکے ہیں، تاہم ان کی کامیابی شیناواترا خاندان کی سیاسی بالادستی کے خاتمے کا اشارہ ہے۔ جمعے کو ووٹنگ سے چند گھنٹے قبل شیناواترا خاندان کے بانی اور سابق وزیرِاعظم تھاکسن شیناواترا دبئی روانہ ہو گئے تھے، ان کے خلاف سپریم کورٹ میں مقدمہ زیرِ سماعت ہے اور آئندہ ہفتے اس پر فیصلہ متوقع ہے، جس کے نتیجے میں انہیں دوبارہ جیل بھیجا جا سکتا ہے۔




