پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آئی ہے، جس کے مطابق اجلاس میں شیخ وقاص اکرم نے جنید اکبر کی کارکردگی پر سوالات اٹھائے اور پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی کارکردگی کا جائزہ لینے کا مطالبہ کیا۔ جنید اکبر نے جواب میں کہا کہ میری کارکردگی سب کے سامنے ہے اور میں اپنی حد تک سب کو جواب دینے کو تیار ہوں۔
ذرائع کے مطابق شیخ وقاص اکرم نے جنید اکبر کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیا، جس پر جنید اکبر نے کہا کہ سیاسی خانہ بدوش ہماری کارکردگی پر جملے نہ کسیں اور ایک سال میں اپنی کارکردگی دکھائیں۔ جنید اکبر نے یہ بھی کہا کہ جمشید دستی ممبر نہیں تھے، پھر بھی ان کا معاملہ اٹھایا گیا، جبکہ وقاص اکرم پچھلے ایک سال سے پارلیمنٹ میں موجود نہیں ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ جنید اکبر نے بانی پی ٹی آئی کی شکایت کا معاملہ کمیٹی کے سامنے رکھا اور کہا کہ ان کے بارے میں کہا گیا کہ انہوں نے اسپیکر کو کہا استعفیٰ قبول نہ کریں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ معاملہ بانی پی ٹی آئی کے سامنے رکھا جائے اور پیغام ایسے شخص کے ذریعے بھیجا جائے جو متنازع نہ ہو۔




