اسلام آباد:فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد میں ماہ ربیع الاول کی مناسبت سے سیرت سیمینار منعقد ہوا۔ وائس چانسلر ڈاکٹر ضابطہ خان شنواری نے کہا کہ ہمارا ایک رول ماڈل ہے’ وہ ہے حضور اکرم کی سیرت و تعلیمات۔ اور ہمارا ایک پرچم ہے، وہ ہے سبز ہلالی پرچم۔ اردو یونیورسٹی کے اساتذہ اور طلبہ سیلاب متاثرین کی مدد کریں گے۔ تقریب سے جامعۃ الکوثر کے مہتمم علامہ شیخ انور نجفی اور ایرڈ ایگریکلچر یونیورسٹی کے پروفیسر غلام حسین بابر نے خطاب کیا۔ “ولادت نبوی: تاریخ، محبت اور تجدید” کے عنوان سے منعقدہ تقریب میں اردو یونیورسٹی کے اساتذہ، طلبہ اور غیر تدریسی عمال شریک ہوئے۔ مقررین نے رحمت اللعالمین صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی حیات مبارکہ کے مختلف گوشوں پہ روشنی ڈالی۔ شیخ الجامعہ ڈاکٹر ضابطہ شنواری نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صرف مسلمانوں کے رہبر نہیں ہیں بلکہ ہر دور کے ہر شعبے میں آپ کی ذات اقدس نمونہ عمل ہے۔
آپ کی ذات تمام مسلمانوں کے لیے نکتہ اتحاد و یگانگت ہے۔ حضور کے شیدائی ہونے کا تقاضا یہ ہے کہ ہم تفرقہ بازی میں نہ پڑیں۔ اخوت انسانی کا خیال رکھیں۔ وائس چانسلر کا مزید کہنا تھا کہ ہم آہنگی اور بھائی چارگی فیڈرل اردو یونیورسٹی کا بھی منشور ہے جو کہ نبی پاک کی تعلیمات ہیں۔ ڈاکٹر ضابطہ شنواری نے جامعہ اردو کے اساتذہ اور طلبہ کو سیلاب متاثرین کی عملی امداد کی ہدایت کی۔ معروف عالم دین اور جامعۃ الکوثر اسلام آباد کے مہتمم علامہ انور نجفی کا کہنا تھا کہ رب تعالیٰ نے اس کائنات کو حضور اکرم کی ذات کی خاطر تخلیق کیا۔ ہمارا یہ فریضہ ہے کہ اپنے وجود کو انسانیت کے لئے وقف کریں۔ موجودہ حالات میں سیلاب متاثرین کے ساتھ تعاون کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
خوشی ہوئی کہ اردو یونیورسٹی کے وائس چانسلر اس حوالے سے درد دل رکھتے ہیں۔ ایرڈ ایگری کلچر یونیورسٹی کے پروفیسر غلام حسین بابر نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کا مسئلہ گڈ گورننس کا ہے۔ اس کا حل بھی رسالت مآب کی زندگی کو رول ماڈل بناتے ہوئے حاصل کیا جا سکتا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم نے معاشی ماڈل دیا۔ امیر لوگوں کو سرمایہ کاری کرنے کی ہدایت کی۔ مدینے کے نوجوانوں کو فنی تعلیم کے حصول کیلئے یمن جانے کی ترغیب دی۔ تجارت میں کوالٹی کو پیش نظر رکھا۔ میثاق مدینہ’ اخوت انسانی کیلئے رہتی دنیا تک ایک مثال ہے۔ تقریب کے آخر میں انچارج کیمپس فیڈرل اردو یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر صبا بشیر نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ یونیورسٹی میں سیرت سیمینار کے انعقاد کو خوش نصیبی قرار دیا۔ اساتذہ اور اسٹاف سے حضور کی تعلیمات پر مکمل عمل پیرا ہونے کی استدعا کی۔




