قدرتی آفات سے نمٹنے کیلئے پاک امریکا تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

0
119

امریکی ناظم الامور نیٹلی بیکر کی قیادت میں امریکی سینٹرل کمانڈ اور ڈیزاسٹر ریسپانس گروپ کے وفد نے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کا دورہ کیا، جہاں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پاک امریکا تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ کی ڈیزاسٹر ایکسپرٹ برائے ایشیا ایوانا ووکو اور ان کی ٹیم نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

دو روزہ مشاورتی اجلاس میں قدرتی آفات کے تدارک اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے ادارے کی استعداد، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال، پیشگی انتباہی نظام اور بین الاقوامی تعاون کے حوالے سے وفد کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں این ڈی ایم اے کی فرضی مشقوں، سرچ اینڈ ریسکیو آپریشنز اور فلڈ وارننگ سسٹم پر بھی روشنی ڈالی گئی۔

امریکی وفد نے این ڈی ایم اے کے فعال اقدامات کو سراہتے ہوئے اسے خطے کے لیے ایک قابلِ تقلید ماڈل قرار دیا۔ نیٹلی بیکر اور لیفٹیننٹ جنرل پیٹرک فرینک نے اس عزم کا اظہار کیا کہ امریکا پاکستان کو 2025ء کے ممکنہ سیلاب اور دیگر آفات میں تکنیکی ماہرین، سامان اور فلاحی اداروں کے ذریعے بھرپور معاونت فراہم کرے گا، جبکہ مشترکہ مشقوں اور تعاون کے ذریعے موسمیاتی خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مزید بڑھایا جائے گا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا