لاہور: ملک بھر میں سرور کونین، آقائے دو جہاں حضرت محمد ﷺ کی ولادت با سعادت کا جشن، عید میلاد النبی ﷺ عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ شہر شہر چراغاں کیا گیا، فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے معطر ہو گئیں، مساجد، عمارتیں، گلیاں اور بازار سجائے گئے، جبکہ دیپالپور میں مشعل بردار جلوس بھی نکالے گئے جن میں عاشقان رسول ﷺ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مساجد میں میلاد کی محافل کا انعقاد ہوا اور علماء کرام نے سیرت النبی ﷺ پر گفتگو کی۔ پنجاب اسمبلی پر بھی دیدہ زیب سجاوٹ کی گئی، جبکہ اسلام آباد میں بین الاقوامی سیرت کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا، جس میں صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی شرکت متوقع ہے۔ سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل رہی۔
صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے عید میلاد النبی ﷺ پر قوم اور مسلم امہ کو مبارکباد دی اور کہا کہ نبی کریم ﷺ کی حیات طیبہ ایک کامل اور ہمہ جہت اسوہ ہے۔ صدر نے کہا کہ 12 ربیع الاول زندگیوں کو تعلیمات نبوی ﷺ کے مطابق ڈھالنے کا دن ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیرت طیبہ ہر دور میں رہنمائی کا سرچشمہ ہے اور ہمیں پاکستان کو سیرت طیبہ کی عملی تعبیر بنانا ہے، ساتھ ہی تعصب، فرقہ واریت، انتہاپسندی اور نفرت کی ہر شکل کو رد کرنے پر زور دیا۔




