انگلش کرکٹ ٹیم کے سابق بلے باز اور اسسٹنٹ کوچ مارکس ٹریسکوتھک نے انگلینڈ کی ون ڈے ٹیم کی حالیہ کارکردگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خبردار کیا ہےکہ اگر ٹیم کی آئی سی سی رینکنگ میں بہتری نہ آئی تو 2027 کا ورلڈکپ کھیلنےکے لیےکوالیفائنگ راؤنڈ کھیلنا پڑےگا۔
ایک بیان میں انگلش کرکٹ ٹیم کے اسسٹنٹ کوچ مارکس ٹریسکوتھک کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی رینکنگ بہتر بنانی ہوگی تاکہ ورلڈکپ میں جگہ یقینی بنائی جاسکے، یہ ایک چیلنجنگ وقت ہے لیکن ہمیں اپنی کارکردگی میں بہتری لانی ہوگی۔
خیال رہےکہ انگلینڈکی ٹیم اس وقت آئی سی سی کی ون ڈے رینکنگ میں آٹھویں نمبر پر ہے جو کہ 2019 کے عالمی چیمپئن کے لیے نمایاں تنزلی ہے۔
2027 کا ون ڈے ورلڈکپ اکتوبر نومبر میں جنوبی افریقا اور زمبابوے میں کھیلا جائےگا، دونوں ٹیمیں بطور میزبان پہلے ہی کوالیفائی کر چکی ہیں جب کہ باقی 8 ٹیموں کا انتخاب 31 مارچ 2027 تک کی رینکنگ کی بنیاد پر ہوگا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق انگلینڈ کی جانب سے کم ون ڈے میچز کھیلے جارہے ہیں جس کی وجہ سے کھلاڑیوں کو کم تجربہ حاصل ہو رہا ہے، اگر انگلینڈ اپنی کارکردگی میں بہتری نہیں لاتا تو اسے ورلڈکپ میں شرکت کے لیےکوالیفائنگ راؤنڈکھیلنا پڑسکتا ہے جو انگلینڈ جیسی ٹیم کے لیے بالکل بھی اچھا نہیں ہے۔




