اقوام متحدہ میں امریکی مندوب ڈوروتھی شیا نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے امیر قطر اور قطری وزیراعظم کو یقین دلایا ہے کہ قطر پر اسرائیلی حملے جیسا واقعہ دوبارہ پیش نہیں آئے گا۔ انہوں نے بتایا کہ امریکی صدر غزہ سے یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ کے خاتمے کے خواہاں ہیں اور اس موقع کو امن کے قیام کے لیے اہم سمجھتے ہیں۔
دوسری جانب برطانوی مندوب نے قطر پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی اور علاقائی کشیدگی بڑھانے کا باعث ہے۔ انہوں نے حماس سے فوری طور پر یرغمالیوں کی رہائی اور جنگ بندی معاہدے پر دستخط کا مطالبہ کیا جبکہ اسرائیل کو بھی غزہ میں توسیعی آپریشن پر نظرثانی کا مشورہ دیا۔ ادھر اطلاعات کے مطابق متحدہ عرب امارات نے اسرائیلی سفیر کو طلب کرلیا ہے، تاہم دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کی جانب سے فی الحال کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔




