قطر کے وزیراعظم اور وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثان واشنگٹن پہنچ گئے، جہاں ان کی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔
ان مذاکرات میں دو طرفہ سکیورٹی تعلقات کے فروغ اور مشرقِ وسطیٰ کی تازہ صورتحال پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بات چیت میں حالیہ اسرائیلی فضائی حملے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی، جو دوحہ میں حماس کی قیادت کو نشانہ بنانے کے لیے کیا گیا تھا۔ اس حملے میں چھ افراد جاں بحق ہوئے، تاہم حماس کی اعلیٰ قیادت محفوظ رہی۔
امریکی نشریاتی اداروں نے واضح کیا ہے کہ واشنگٹن قطر کو خلیجی خطے کا ایک اہم اتحادی سمجھتا ہے، بالخصوص العدید ایئر بیس کی موجودگی کے سبب۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ بھی پہلے ہی اسرائیلی کارروائی پر اپنی برہمی ظاہر کر چکے ہیں۔
قطری وزیراعظم آج امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کریں گے۔ امکان ہے کہ اس ملاقات میں نہ صرف اسرائیلی حملے کے تناظر میں خطے کی صورتحال زیرِ بحث آئے گی بلکہ غزہ جنگ کے خاتمے کے لیے ممکنہ لائحہ عمل پر بھی بات چیت ہوگی۔






