لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں سیلاب متاثرین کے نقصان کے ازالے اور بحالی آپریشن شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح پر فلڈ ریلیف کمیٹیاں قائم کرنے اور متاثرین کی امداد کے لیے آسان طریقہ کار بنانے کی ہدایت دی گئی۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ متاثرین کے لیے سروے فارم، موبائل ایپ اور مانیٹرنگ ڈیش بورڈ تیار کیا جائے گا جس کی نگرانی وہ خود کریں گی۔ ریونیو ڈیپارٹمنٹ کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے 27 اضلاع اور 64 تحصیلوں کے 3775 موضع سیلاب سے متاثر ہوئے، جن میں 63 ہزار 200 پکے اور 3 لاکھ 9 ہزار 684 کچے مکانات کو نقصان پہنچا۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سیلاب متاثرہ علاقوں میں سڑکوں، پلوں اور دیگر انفراسٹرکچر کی فوری بحالی کی جائے گی۔ سروے ٹیموں میں اربن یونٹ، ریونیو، زراعت اور آرمی کے نمائندے شامل ہوں گے۔
مریم نواز شریف نے ہدایت دی کہ متاثرین کی امداد کے لیے زیادہ سے زیادہ کیمپ اور پوائنٹس قائم کیے جائیں، حکومت کو خود عوام تک پہنچنا ہوگا اور ہر متاثرہ فرد کے نقصان کا ازالہ یقینی بنایا جائے تاکہ کوئی بھی ریلیف سے محروم نہ رہے۔






