اسلام آباد میں وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کے ساتھ جائزہ مذاکرات میں سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے باعث ریلیف حاصل کرنے کی تیاری کر لی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت خزانہ کو ہدایت کی ہے کہ آئی ایم ایف سے اہداف میں نرمی حاصل کی جائے۔
ذرائع نے بتایا کہ مذاکرات میں منی بجٹ نہ لانے، ریونیو اہداف میں نظرثانی اور میکرواکنامک فریم ورک میں تبدیلیوں پر بات چیت متوقع ہے۔ حکومت کا مؤقف ہوگا کہ منی بجٹ کے بجائے ٹیکس اقدامات پر سختی سے عملدرآمد کر کے آمدنی بڑھائی جائے گی۔
اگر آئی ایم ایف ریونیو اقدامات سے متفق نہ ہوا تو فلڈ لیوی کی تجویز زیر غور آئے گی۔ وزارت خزانہ کوشش کرے گی کہ سیلابی نقصانات کے پیش نظر آئی ایم ایف ریلیف دینے پر آمادہ ہو، جبکہ معاشی ترقی کی شرح کے ہدف میں معمولی کمی پر بھی مذاکرات متوقع ہیں۔






