لاہور میں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت اجلاس ہوا، جس میں مسافر ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ اوپن آکشن کے ذریعے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس فیصلے کا اطلاق حالیہ آؤٹ سورسنگ پر بھی ہوگا جبکہ سالانہ آمدن کے بینچ مارک پر نظرثانی کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ محفوظ آپریشن کے لیے سیفٹی ڈیپارٹمنٹ کو ڈائریکٹوریٹ بنا کر بااختیار کر دیا گیا ہے۔ گارڈز اور ڈرائیورز کے لیے ماڈل رننگ رومز روہڑی، خانپور اور خانیوال سے شروع کیے جائیں گے، جن میں اے سی اور ڈائننگ رومز شامل ہوں گے۔
اجلاس میں 295 نئی فریٹ ویگنز 30 مارچ تک سسٹم میں شامل کرنے کا اعلان کیا گیا، جن کی بکنگ مکمل طور پر آن لائن ہوگی۔ شالیمار ایکسپریس کی اے سی کوچز بھی نئی ہوں گی جبکہ لاہور–راولپنڈی ریل کاروں کی ریفربشڈ کوچیں 11 نومبر تک شامل کر دی جائیں گی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وسائل محدود ضرور ہیں لیکن ریلوے درست سمت کی طرف بڑھ رہا ہے۔





