اسلام آباد: حکومت پاکستان کے ترجمان بیرسٹر راجہ انصاری نے گرین لائن منصوبے پر کام بند ہونے کے حوالے سے وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ میئر کراچی اور ٹھیکدار کے درمیان اختلافات کی وجہ سے پیدا ہوا ہے۔ میئر کراچی کو ٹھیکدار سے این او سی پر تحفظات ہیں، جبکہ وفاق نے منصوبے کی توسیع اور فنڈنگ کی فراہمی اپنی ذمہ داری کے مطابق مکمل کر دی ہے۔
راجہ انصاری نے بتایا کہ وفاق کراچی والوں کو جلد سفری سہولیات فراہم کرنا چاہتا ہے اور اس سلسلے میں سندھ حکومت کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاق بلدیاتی حکومت اور میئر سے براہ راست کوآرڈینیشن نہیں کرتا، تاہم منصوبے کی نگرانی کی گئی اور تیزی سے کام جاری رہا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ گرین لائن منصوبے کے توسیعی کام کا آغاز ہو چکا تھا اور نمائش سے جامعہ کلاتھ تک کام جاری تھا۔ اب میئر صاحب وضاحت کریں گے کہ انہیں کیا اعتراض ہے، کیونکہ وفاق نے اپنی ذمہ داری پوری کر دی ہے اور سندھ حکومت کے ساتھ مل کر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کے لیے کام جاری رکھے گا۔





