لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب گرین ٹریکٹر پروگرام کے دوسرے مرحلے (فیز ٹو) کی قرعہ اندازی کا آغاز کر دیا۔ پہلے ٹریکٹر کا نام تحصیل اٹک کے راجہ رفعت عباس، دوسرا نزت پروین اور تیسرا میاں نصیر کے نام نکلا۔ وزیراعلیٰ نے قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے کاشتکاروں کو مبارکباد دی اور خصوصی طور پر محمد عاشق کو فون کر کے مادری زبان میں خوشی کا اظہار کیا۔

سیکرٹری زراعت نے بریفنگ میں بتایا کہ فیز ٹو کے تحت 7 ایکڑ یا اس سے زیادہ اراضی رکھنے والے مالکان 75 سے 125 ہارس پاور کے ٹریکٹر حاصل کر سکیں گے۔ ہائی پاور ٹریکٹرز پر حکومت پنجاب 10 لاکھ روپے سبسڈی دے گی۔ فیز ٹو میں مجموعی طور پر 20 ہزار ٹریکٹرز پر سبسڈی فراہم کی جائے گی، جن میں 9500 ہائی پاور اور 10 ہزار میڈیم پاور ٹریکٹر شامل ہیں۔
واضح رہے کہ فیز ٹو کے لیے 7 لاکھ 34 ہزار کاشتکاروں نے درخواست دی، جن میں سے 2 لاکھ 82 ہزار درخواست دہندگان قرعہ اندازی کے اہل قرار پائے اور 9500 کاشتکار کامیاب ہوئے۔ پروگرام میں 98 فیصد کاشتکار پاکستانی ساختہ اور دو فیصد نے امپورٹڈ ٹریکٹرز کے لیے اپلائی کیا۔ میڈیم پاور ٹریکٹرز پر 50 سے 65 ہارس پاور کے لیے 5 لاکھ روپے سبسڈی دی جائے گی۔





