پشاور: خیبرپختونخوا کے بلدیاتی نمائندوں نے ایک بار پھر احتجاج کا فیصلہ کرتے ہوئے 30 ستمبر کو صوبائی اسمبلی کے سامنے دھرنے کا اعلان کر دیا۔ اس مقصد کے لیے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تیاری بھی جاری ہے اور کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ترجمان لوکل کونسلز ایسوسی ایشن عزیز اللہ خان مروت کے مطابق بلدیاتی نمائندوں نے کئی بار احتجاج اور مذاکرات کے ذریعے اپنے آئینی اختیارات اور ترقیاتی فنڈز کی فراہمی کا مطالبہ کیا لیکن صوبائی حکومت وعدے پورے نہ کر سکی۔
انہوں نے بتایا کہ صوبے بھر کے میئرز، تحصیل و ولیج کونسل چیئرمینز اور اراکین کو دھرنے کی تیاریوں کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ توقع ہے کہ ہزاروں نمائندے پشاور کا رخ کریں گے۔
آئندہ ہفتے بلدیاتی مسائل پر آل پارٹیز کانفرنس بھی متوقع ہے جس کے لیے کمیٹی بنائی گئی ہے۔ کمیٹی کے کنوینر ہارون صفت ہوں گے جبکہ دیگر اراکین میں ہمایون خان، عادل خان، غلام حقانی، رفیع اللہ خان اور دیگر چیئرمین شامل ہیں۔





