وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سرگودھا کے بعد ساہیوال میں بھی الیکٹرک بسوں کا منصوبہ افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر انہوں نے اعلان کیا کہ نوجوانوں کے لیے یہ سروس بالکل فری ہوگی جبکہ خصوصی افراد کے لیے بسوں میں ریمپ بھی نصب کیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ ساہیوال کے لوگ اب باعزت اور معیاری سفری سہولت حاصل کر سکیں گے۔ ان کے مطابق ساہیوال کے لیے 30 الیکٹرک بسیں مختص کی گئی ہیں، جن کا کرایہ صرف 20 روپے ہوگا۔ خواتین، بزرگ، طلبا اور خصوصی افراد فری سفر کر سکیں گے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب کے چھوٹے شہروں میں بھی جدید الیکٹرک بسیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ نئی بسوں میں وائی فائی اور چارجنگ پورٹ جیسی سہولتیں موجود ہیں تاکہ مسافر بہتر اور آرام دہ سفر کر سکیں۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ مریم نواز نے بہاولنگر کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سلائی مشین پر کام کرنے والی خواتین کے ساتھ وقت گزارا، خود بھی سلائی کی اور سیلاب متاثرہ بچوں کے ساتھ ملاقات کرتے ہوئے ان کے ساتھ کھانا کھایا۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب کے عوام کو معیاری ٹرانسپورٹ فراہم کرنا ان کی ترجیح ہے اور ترقی کے یہ منصوبے مسلم لیگ (ن) کے وژن کی عکاسی کرتے ہیں۔





