اسلام آباد: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 2022 کے آزادی مارچ کے دوران تشدد اور توڑ پھوڑ کے مقدمے میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے براکاہو پولیس اسٹیشن میں درج مقدمے کی سماعت کے دوران عمران اسماعیل کی غیر حاضری پر وارنٹ جاری کیے اور پولیس کو ہدایت دی کہ انہیں گرفتار کر کے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔
واضح رہے کہ عمران اسماعیل کو پی ٹی آئی کے آزادی مارچ کے دوران تشدد اور عوامی و سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کے مقدمے میں نامزد کیا گیا تھا۔ نومبر 2022 میں سابق وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں لانگ مارچ کیا گیا تھا، جس میں متعدد رہنماؤں اور کارکنوں پر مقدمات درج کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ عمران اسماعیل نے مئی 2023 میں پاکستان تحریک انصاف سے علیحدگی اختیار کر لی تھی۔





