اسلام آباد: وفاقی حکومت نے افغان مہاجرین کی واپسی کے بعد 40 سال سے قائم مہاجر کیمپس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ اس سلسلے میں خیبر پختونخوا میں پانچ بڑے کیمپس کی بندش کا نوٹیفکیشن وزارت امور کشمیر و گلگت بلتستان نے جاری کر دیا۔
کیمپوں کی زمین صوبائی حکومت اور متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کے سپرد کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ بند کیے گئے کیمپس میں تین ضلع ہری پور جبکہ ایک ایک چترال اور اپر دیر میں واقع تھے۔
ہری پور کا پنیان کیمپ، جہاں کبھی ایک لاکھ سے زائد افغان مہاجرین آباد تھے، بھی اس فیصلے کے تحت بند کر دیا گیا۔
یو این ایچ سی آر کے مطابق اس وقت افغان مہاجرین کی سب سے زیادہ تعداد خیبر پختونخوا میں رہائش پذیر ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور افغان مہاجرین کی زبردستی واپسی کی مخالفت کر چکے ہیں، جبکہ چند روز قبل مشیر اطلاعات کے پی نے بھی اس عمل کو فوری روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔





