صدر ٹرمپ کی امریکی کمپنیوں کو پاکستان میں فوری سرمایہ کاری کی ہدایت

0
224

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکا نے پاکستان میں آئی ٹی، توانائی، زراعت اور معدنیات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی آمادگی ظاہر کی ہے، جب کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو فوری طور پر پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے کی ہدایت دی ہے۔

وزیراعظم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی صدر ٹرمپ سے ملاقات نہایت مثبت اور مفید رہی، جس میں دوطرفہ تعلقات کی بہتری پر اتفاق ہوا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ٹرمپ امن کے خواہاں ہیں اور ماضی میں پاک بھارت جنگ بندی کے قیام میں بھی ان کا کردار قابلِ تحسین رہا ہے۔

شہباز شریف کے مطابق پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارتی و معاشی تعلقات کو نئی جہت دینے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ ملاقات میں معدنی وسائل کی قیمت کے منصفانہ تعین اور باہمی تجارتی معاہدوں پر بھی بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے اور ڈیڑھ سال میں مہنگائی سنگل ڈیجٹ میں آگئی ہے۔ انہوں نے بنگلا دیش کے ساتھ تعلقات کو بھی مثبت قرار دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت و سفارت کے نئے امکانات کھل رہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب میں ان کا پرتپاک استقبال گزشتہ چار دہائیوں میں اپنی مثال آپ تھا۔ انہوں نے آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور کہا کہ پاک فوج نے حکمت و دانشمندی سے بھارت کو شکست دی۔

وزیراعظم آفس سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا کہ شہباز شریف اور صدر ٹرمپ کی ملاقات میں علاقائی سلامتی، انسدادِ دہشت گردی اور انٹیلی جنس تعاون پر بھی تفصیلی بات ہوئی۔ وزیراعظم نے صدر ٹرمپ کو پاکستان کے دورے کی دعوت دی اور کہا کہ امریکی سرمایہ کاری سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا