ایشیا کپ کی تاریخ کے سب سے بڑے مقابلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں کل فائنل میں مدمقابل ہوں گی۔ بھارتی ٹیم رواں ایونٹ میں اب تک ناقابلِ شکست ہے اور پاکستان کو گروپ اور سپر فور مرحلے میں شکست دے چکی ہے۔
تاہم بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فائنل سے قبل بھارتی ٹیم کو دھچکا لگ سکتا ہے کیونکہ دو اہم کھلاڑیوں، اوپنر ابھیشیک شرما اور آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی شرکت مشکوک ہے۔ بھارتی بولنگ کوچ نے دونوں کھلاڑیوں کی فٹنس پر شدید خدشات ظاہر کیے ہیں۔
ہاردک پانڈیا سری لنکا کے خلاف میچ میں صرف پہلا اوور کرانے کے بعد ہیمسٹرنگ انجری کا شکار ہو کر میدان سے باہر چلے گئے تھے اور باقی میچ میں واپس نہیں آئے۔ اسی طرح ابھیشیک شرما بھی سری لنکا کے خلاف زیادہ وقت میدان سے باہر رہے۔
بولنگ کوچ کے مطابق ہاردک پانڈیا اور ابھیشیک شرما کی انجری کا حتمی جائزہ آج رات اور کل صبح فائنل سے قبل لیا جائے گا۔






