اسلام آباد میں عالمی دن برائے معلومات تک رسائی کے موقع پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغامات میں کہا ہے کہ معلومات تک رسائی ہر شہری کا بنیادی اور جمہوری حق ہے جو شفاف حکمرانی، ادارہ جاتی جوابدہی اور جمہوری استحکام کی ضامن ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ معلومات کا آزادانہ بہاؤ اچھی حکمرانی کو فروغ دیتا ہے اور عوام کو بااختیار بناتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جعلی خبروں اور غلط معلومات کے ذریعے سچ کو مسخ کیا جانا موجودہ دور کا سب سے بڑا چیلنج ہے جو قومی یکجہتی اور اداروں پر عوامی اعتماد کو نقصان پہنچاتا ہے۔ صدر نے تمام اداروں پر زور دیا کہ وہ معلومات تک رسائی کے نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنائیں تاکہ معاشرہ شفافیت اور انصاف پر استوار ہو سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان نے شہریوں کے اس حق کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی اور ادارہ جاتی اصلاحات کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان انفارمیشن کمیشن حق تک رسائی قانون 2017 کے تحت شہریوں کو معلومات فراہم کرنے اور شکایات کا ازالہ کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ باخبر معاشرہ ہی امن، انصاف اور پائیدار ترقی کی بنیاد بن سکتا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اس بات کو یقینی بنا رہی ہے کہ خواتین، نوجوان اور پسماندہ طبقات بھی مساوی طور پر معلومات تک رسائی سے مستفید ہوں تاکہ ڈیجیٹل دور میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے۔ وزیراعظم نے حکومتی اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا اور ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز پر زور دیا کہ وہ ایک شفاف اور علم پر مبنی معاشرہ تشکیل دینے میں اپنا کردار ادا کریں، کیونکہ ایسا معاشرہ ہی جمہوریت کو مضبوط اور ترقی کے سفر کو تیز کر سکتا ہے۔






