منیلا: فلپائن کے وسطی ساحلی علاقے میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچا دی۔ زلزلے کے باعث باسکٹ بال میچ کے دوران اسپورٹس کمپلیکس گر گیا، 60 سے زائد افراد ہلاک جبکہ سینکڑوں زخمی ہو گئے، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلہ مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے آیا، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر جبکہ مرکز بوگو شہر کے شمال مشرق میں 17 کلو میٹر کے فاصلے پر تھا۔
ہلاک افراد میں ایک بچہ بھی شامل ہے، امدادی کارروائیاں جاری ہیں، رہائشی عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، تعلیمی ادارے شدید متاثر ہوئے، وسطی ساحلی علاقے میں زلزلے کے بعد کئی آفٹر شاکس بھی محسوس کئے گئے اور لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔
شہر سیبو کے حکام کے مطابق زلزلے کے نتیجے میں 4 عمارتیں زمین بوس ہوگئیں، اس کے علاوہ 3 سرکاری عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا جبکہ متاثرہ علاقے میں 6 پلوں اور ایک سڑک کو بھی شدید نقصان پہنچا۔
سیبو میں ہنگامی حالت نافذ کرتے ہوئے آج سکولز اور سرکاری دفاتر بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے، ملبے تلے دبے افراد کو ریسکیو کرنے کیلئے آپریشن جاری ہے اور دیگر علاقوں سے بھاری مشینری روانہ کر دی گئی ہے۔
ڈیزاسٹر منیجمنٹ کے اہلکار کے مطابق کچھ علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی خدمات میں خلل پڑا ہے جس سے امدادی سرگرمیوں میں مشکلات پیدا ہو رہی ہیں۔ زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں پانی، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچانے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔






