بزرگ افراد معاشرے کا سرمایہ ہیں، ان کی عزت و خدمت فرض ہے،مریم نواز

0
198

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ بزرگ افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہیں اور ان کی عزت و احترام کرنا فرض ہے۔ حکومت بزرگ شہریوں کی عزت، فلاح اور راحت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

بزرگ افراد کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ بزرگ ہمارے ماضی کا عکس، حال کی روشنی اور مستقبل کے لیے سبق ہیں۔ بزرگ وہ چراغ ہیں جن کی روشنی میں نسلیں پروان چڑھتی ہیں۔ انہوں نے اپنی جوانی کی توانائیاں، تجربات اور قربانیاں دے کر آج کی نسل کے لیے سہولتیں پیدا کیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ بزرگ افراد پاکستان کا قیمتی سرمایہ ہیں جنہیں خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ بزرگوں کا احترام ہمارے عقائد اور تہذیب کا حصہ ہے، ان کی زندگی کے تجربات اور مشاہدات ہمارے لیے قیمتی خزانے کی حیثیت رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بزرگوں کے حقوق کا خیال رکھنا ہماری ذمہ داری ہے، ان کے لیے وہ آسانیاں پیدا کی جائیں جن کے وہ مستحق ہیں۔ معاشرے اسی وقت ترقی کرتے ہیں جب بزرگوں کو عزت و مقام دیا جائے۔

مریم نواز نے مزید کہا کہ حکومت بزرگ شہریوں کے لیے اولڈ ہومز کو مزید بہتر بنا رہی ہے، ان مراکز میں مقیم کئی بزرگ افراد نے حج کی سعادت بھی حاصل کی ہے۔ پنجاب حکومت نے الیکٹرک بسوں میں بزرگ شہریوں کے لیے مفت سفر کی سہولت فراہم کی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بزرگوں کی عزت، خدمت اور دیکھ بھال کریں کیونکہ بزرگوں کو سہولیات فراہم کرنا اور ان کی خدمت کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا