تل ابیب میں اسرائیل کے انتہا پسند قومی سلامتی کے وزیر اتمر بن گویر نے دعویٰ کیا ہے کہ فلوٹیلا کے شرکا کو ان کے وعدے کے مطابق جیل میں رکھا گیا ہے۔
جمعے کو بن گویر نے کیتسعیوت جیل سے ایک ویڈیو جاری کی جہاں فلوٹیلا کے گرفتار کارکن قید ہیں۔ انہوں نے ان کارکنان کو “دہشت گردوں کے حامی” قرار دیتے ہوئے کہا کہ فلوٹیلا کے شرکا اب سکیورٹی جیل میں ہیں اور انہیں دہشت گردوں جیسی ہی حالت میں رکھا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کے کپڑے بھی دہشت گردوں جیسے ہیں اور سہولتیں بھی کم سے کم فراہم کی گئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق ویڈیو کے دوران فلوٹیلا کے گرفتار کارکنوں نے بن گویر کے سامنے ہی فلسطین کے حق میں نعرے بلند کیے۔
ایک اور بیان میں بن گویر نے وزیرِاعظم نیتن یاہو کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کارکنوں کو واپس بھیجنا “غلطی” ہے۔ ان کے مطابق ان افراد کو چند ماہ تک اسرائیلی جیل میں رکھا جانا چاہیے، بصورت دیگر اگر انہیں واپس بھیجا گیا تو وہ بار بار واپس آتے رہیں گے۔






