کراچی: بحیرہ عرب میں موجود سمندری طوفان کمزور ہو کر گہرے دباؤ (ڈیپ ڈپریشن) میں تبدیل ہو گیا ہے، جو کراچی سے تقریباً 960 کلو میٹر جنوب مغرب میں واقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب کے مغربی وسطی اور شمال مغربی حصے میں موجود یہ گہرا دباؤ جنوب اور جنوب مشرق کی سمت بڑھ رہا ہے۔ امکان ہے کہ یہ نظام اگلے چھ گھنٹوں میں مزید کمزور ہو کر ڈپریشن میں تبدیل ہو جائے گا، جب کہ آئندہ 12 گھنٹوں میں یہ کم دباؤ والے علاقے میں تبدیل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے 12 گھنٹوں کے دوران اسی علاقے میں سمندر کی صورتحال اونچی سے انتہائی خراب رہنے کا امکان ہے، جب کہ طوفان کے مرکز کے قریب ہواؤں کی رفتار 70 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ہو سکتی ہے۔
ماہی گیروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ آج تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کریں۔
سائیکلون وارننگ سینٹر کراچی نے بتایا ہے کہ نظام پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور صورتحال میں کسی بھی تبدیلی کی صورت میں تازہ ہدایات جاری کی جائیں گی۔






