پاکستان میں آج سال کے پہلے سپر مون کا مشاہدہ کیا جا رہا ہے۔ پاکستان کے خلائی تحقیقاتی ادارے سپارکو کے مطابق رواں برس تین سپر مون ہوں گے جن میں پہلا آج نظر آئے گا۔ یہ سپر مون شام 8 بج کر 47 منٹ پر نمودار ہوا اور صبح کے طلوع آفتاب سے کچھ دیر پہلے تک دیکھا جا سکے گا۔
اس سال کا پہلا سپر مون زمین سے تقریباً 224,599 میل کے فاصلے پر ہے، جو عام مکمل چاند کے مقابلے میں 6.6 فیصد بڑا اور 13 فیصد زیادہ روشن دکھائی دے رہا ہے۔ سال کا سب سے روشن سپر مون نومبر میں متوقع ہے، جب چاند زمین سے صرف 221,817 میل کے فاصلے پر ہوگا۔
سائنس کے مطابق جب پورا چاند اپنے مدار کے دوران زمین کے قریب ترین مقام پر آتا ہے، تو یہ بڑا اور روشن دکھائی دیتا ہے، جسے سپر مون کہا جاتا ہے۔ یہ مظہر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا کے دیگر حصوں میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
رواں سال کے باقی دو سپر مونز 5 نومبر اور 5 دسمبر کو آسمان پر جلوہ گر ہوں گے اور خوبصورت نظارہ پیش کریں گے۔