پاکستانی ہوائی اڈوں پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات میں اضافہ

0
96

کراچی سمیت ملک کے مختلف ہوائی اڈوں پر طیاروں سے پرندے ٹکرانے (برڈ ہٹ) کے واقعات میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رواں سال جنوری سے ستمبر تک ملکی و غیر ملکی پروازوں کے ساتھ 176 برڈ ہٹ کے واقعات رپورٹ ہوئے، جن میں سب سے زیادہ قومی ائیرلائن پی آئی اے کی پروازیں متاثر ہوئیں۔ پی آئی اے کے طیاروں کے ساتھ تقریباً 90 برڈ ہٹ واقعات پیش آئے۔

اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ واقعات لاہور میں 16، اسلام آباد میں 15، ملتان میں 13 جبکہ کراچی میں 9 رپورٹ ہوئے۔ صرف ستمبر کے مہینے میں پی آئی اے کی پروازوں کے ساتھ 26 پرندے ٹکرائے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں دگنے سے زیادہ ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرندوں کے ٹکرانے کے زیادہ تر واقعات طیاروں کی اپروچ اور لینڈنگ کے دوران پیش آئے، جبکہ دیگر واقعات ٹیک آف، ڈیسنٹ اور ٹیکسی رول کے مراحل میں ریکارڈ ہوئے۔

ان حادثات کے نتیجے میں قومی ائیرلائن کے 8 طیاروں کو جزوی یا شدید نقصان پہنچا۔ پی آئی اے کے فلیٹ میں شامل ایئربس 320 طیاروں کے ساتھ سب سے زیادہ 68 کے قریب برڈ ہٹ واقعات پیش آئے۔

ماہرین کے مطابق ہوائی اڈوں کے اطراف کچرے کے ڈھیر، گوشت کی دکانیں اور کھلے فضلے کے باعث پرندوں کی آمد میں اضافہ ہو رہا ہے، جس سے فضائی حفاظت کے خدشات بڑھ گئے ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا