نئی دہلی دنیا کا آلودہ ترین شہر، لاہور کا فضائی معیار بھی خطرناک حد تک خراب

0
230

لاہور کی فضائی آلودگی ایک بار پھر خطرناک سطح پر پہنچ گئی ہے اور آئی کیو ایئر کے مطابق لاہور اتوار کو انتہائی خراب فضائی معیار کے ساتھ دنیا کے آلودہ شہروں میں شامل رہا، جبکہ نئی دہلی 218 اے کیو آئی کے ساتھ سب سے زیادہ آلودہ شہر رہا۔ ادارہ تحفظ ماحولیات پنجاب کے مطابق مشرقی سمت سے آنے والی ہواؤں نے آلودگی میں اضافہ کیا اور دن بھر لاہور میں فضائی معیار 195 سے 210 اے کیو آئی کے درمیان رہا۔

پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی فضا کی کیفیت تشویشناک رہی؛ فیصل آباد 247، قصور 241، لاہور 215، گوجرانوالہ 213 اور ملتان 201 اے کیو آئی کے ساتھ شدید آلودہ رہے۔ ماہرین نے بھارت میں دیوالی کی تقریبات اور آتش بازی کو فضائی آلودگی میں اضافے کا اہم سبب قرار دیا ہے، جس کے باعث آئندہ دو سے تین دنوں میں صورتحال مزید خراب ہونے کا امکان ہے۔

حکومت پنجاب نے انسداد اسموگ آپریشن کو تیز کر دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر ماحولیاتی تحفظ فورس، پولیس، واسا اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں، بغیر ترپال تعمیراتی سامان لانے والے ٹرکوں اور غیر قانونی بھٹوں کے خلاف کارروائی کر رہی ہیں۔ شہر کے مختلف علاقوں میں واٹر سپرنکلنگ آپریشن جاری ہے اور کسانوں کو فصلوں کی باقیات نہ جلانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ ڈرون نگرانی، اسموگ گنز اور ایئر کوالٹی فورکاسٹنگ کے اقدامات نے آلودگی کے خلاف کارروائی کو مؤثر اور بروقت بنایا ہے اور اس سے فضائی معیار میں بتدریج بہتری لانے میں مدد مل رہی ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا