ملک بھر میں ’’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘‘ انتہائی عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا

0
153

راولپنڈی(طلوع نیوز)ملک بھر میں ’’یوم تکریم شہدائے پاکستان‘‘ انتہائی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کیساتھ منایا گیا ،یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کا آغاز نمازِ فجر کے بعد قرآن خوانی سے ہوا اور اس موقع پر پاکستان کی سلامتی اور امن و امان کے لیے دعائیں مانگی گئیں۔اس موقع پر پاک سرزمین کی حفاظت کی خاطر جان قربان کرنے والوں کے لیے خصوصی دُعائیں مانگی گئیں۔

علما کرام نے کہا کہ آزاد فضاؤں میں سانس لینا ہمارے ملک کے شہداء کے مرہون منت ہے جو ہم پر ان کا قرض ہے، آج اتحاد و یگانگت کے ساتھ فاصلوں کو ختم کرنے کی ضرورت ہے۔یوم تکریم شہداء کے موقع پر کیپٹن سلیمان شہید، میجر عزیز بھٹی شہید نشان حیدر اور شہید میجر سرمس رؤف کی قبر پر ورثا اور لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا۔پاک فوج کے دستے نے شہداء کی قبروں پر گارڈ آف آنر پیش کیا اور چادر چڑھائی۔مرکزی تقریب جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقد کی گئی جس کے مہمان خصوصی چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر تھے۔

تقریب میں مسلح افواج کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران بھی شریک ہوئے جن میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس جنرل ندیم رضا اور دیگر ریٹائرڈ افسران ،چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد، مفتی منیب الرحمان، قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم سمیت مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات بھی شامل ہیں۔تقریب کا آغاز تلاوتِ کلام پاک سے کیا گیا جس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔دوسری جانب پاکستان ائیر فورس، پاکستان نیول ہیڈ کوارٹرز، فارمیشن ہیڈکوارٹراورپولیس کی شہدا یادگاروں پر بھی تقریبات منعقد کی گئیں۔ یومِ تکریمِ شہدائے پاکستان کے موقع پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اسکول کے بچوں سے غیر رسمی ملاقات کی ہے۔

آرمی چیف نے اسکول کے بچوں جن میں شہداء کے بچے بھی شامل تھے، ان سے بھی ملاقات کی۔اسکول اور شہداء کے بچوں کے سروں پر دستِ شفقت رکھتے ہوئے جنرل عاصم منیر نے نے اپنے جذبات کا اظہار کیا اور کہا کہ پاک فوج شہداء کے تمام بچوں کی وارث ہے۔آرمی چیف نے بچوں سے کہا کہ شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت آپ سے ہمارا رشتہ مثالی اور ہمیشہ قائم رہنے والا ہے، پاک فوج ہمیشہ آپ کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔قبل ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی شہداء کی لازوال قربانیوں کو مجروح کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پاکستانی قوم شہداء اور ان کے قابل فخر خاندانوں کی مقروض رہے گی۔

یوم تکریم شہداء کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ شہداء ہمارا فخر تھے، ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ شہداء پاکستان ہمارے ہیرو اور ملک کا عظیم اثاثہ ہیں، شہداء کی لازوال قربانیاں وطن عزیز کی آنے والی نسلوں کیلئے مشعل راہ رہیں گی، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس، ریٹائرڈ فوجی افسران، سول سوسائٹی کے نمائندوں نے بھی شہدائے پاکستان کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ادھرنگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی ‘یوم تکریم شہدا کے موقع پر کینٹ میں یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ محسن نقوی نے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیااور شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔تفصیلات کے مطابق محسن نقوی نے شہدا کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔

انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا قوم کے سرکا تاج اورسرمایہ افتخار ہیں۔ شہدا نے اپنے لہو دے کر وطن کی سرحدوں کا دفاع کیاہے- شہدائے وطن، غازیوں اور ان کی فیملیز کی تکریم ہم سب پر واجب ہے- محسن نقوی نے مزید کہا کہ یہ ان شہدا کی یاد گار ہے جنہوں نے پاکستان کی طرف اٹھنے والی میلی آنکھ کوپھوڑ دیا- اس دھرتی کا امن شہیدوں، غازیوں اور ان کی فیملیز کی لازوال قربانیوں کا ثمر ہے- ان ماوں کو سلام پیش کرتا ہوں جن کے بیٹوں نے وطن کی محبت میں جان کا نذرانہ پیش کیا- شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہر موقع پر کھڑے رہیں گے۔ مہذب قومیں اپنے شہدا کوعزت وتکریم سے یاد رکھتی ہیں۔

کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، بریگیڈیئر بلال سرفراز اور عسکری حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ادھرملتان ریجن میں بھی موجود شہداء کی قبروں پر پاک فوج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔اس موقع پر کیپٹن عاطف حسن شہید، حوالدار خرم شہید اور لانس نائیک عبدالحکیم شہید کے ورثا اور شہری بھی موجود تھے۔شہریوں نے کہا کہ ہمارے شہداء ہمارا فخر ہیں اور ان کی تکریم میں کبھی کمی نہیں آنے دیں گے۔گجرات میں یومِ تکریمِ شہداء کی مرکزی تقریب میجر عزیز بھٹی شہید کے مزار پر منعقد ہوئی۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر صفدر نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں۔ڈیرہ غازی خان میں پولیس لائن میں یومِ تکریمِ شہداء کی تقریب ہوئی جس میں پاک فوج اور پولیس سمیت سول انتظامیہ کے افسران شریک ہوئے۔تقریب میں شہداء اور ملک و قوم کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔چنیوٹ میں یومِ تکریمِ شہداء کے موقع پر یادگارِ شہداء پر پولیس کے دستوں نے سلامی دی۔اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ آج کے دن شہدائے پاکستان کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتا ہوں۔فیصل آباد میں زرعی یونیورسٹی میں مرکزی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شہداء کے اہلخانہ، ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سول سوسائٹی کے افراد شریک ہوئے۔شرکا نے ملک کا دفاع کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

گوجرانوالہ کی پولیس لائن میں بھی یوم تکریمِ شہداء کی مرکزی تقریب ہوئی جس میں کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر نے شرکت کی۔تقریب میں آئی جی پنجاب عثمان انور بھی شریک ہوئے اور دونوں افسران نے یادگارِ شہداء پر پھول رکھے اور شہداء کے درجات کی بلندی اور ملکی سلامتی کے لیے دعا کی۔کوئٹہ میں یومِ تکریمِ شہداء کی مناسبت سے سینٹرل پولیس آفس میں تقریب ہوئی جس میں کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل آصف غفور، وزیراعلیٰ، صوبائی وزیر داخلہ، آئی جی پولیس اور دیگر افراد نے شرکت کی

۔کور کمانڈر، وزیراعلیٰ اور آئی جی نے یادگارِ شہدا پر پھول رکھے۔علاوہ ازیں ضلع لسبیلہ اور ضلع حب میں یومِ تکریمِ شہداء پر تقاریب اور ریلیاں نکالی گئیں۔ریلیوں میں طلبا اور قبائلی عمائدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دیامر میں بھی یوم تکریمِ شہدائے پاکستان منایا جا رہا ہے جس کی مرکزی تقریب ہائی اسکول اور پولیس لائن میں منعقد ہوئی۔اس کے علاوہ بنوں میں ضلعی انتظامیہ نے پریس کلب سے پریڈی گیٹ تک ریلی نکالی۔سارا دن شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی اور دعاؤں کا سلسلہ جاری رہا۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا