وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ معمہ بن گیا

0
236

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ ایک نیا سیاسی معمہ بن گیا ہے، کیونکہ 12 گھنٹے گزرنے کے باوجود گورنر ہاؤس کو باضابطہ طور پر استعفیٰ موصول نہیں ہو سکا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ گزشتہ روز ہی گورنر ہاؤس کو بھجوا دیا گیا تھا، اب اس پر مزید کارروائی گورنر ہاؤس کی ذمہ داری ہے۔

تاہم گورنر ہاؤس کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انہیں تاحال کوئی استعفیٰ موصول نہیں ہوا۔ ان کے مطابق وزیراعلیٰ کا استعفیٰ صرف ایک کاغذ نہیں بلکہ ایک باضابطہ سمری کے ذریعے گورنر کو بھیجا جاتا ہے، اور اب تک ایسی کوئی سمری موصول نہیں ہوئی۔

ذرائع کے مطابق اگر واقعی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ نے استعفیٰ بھجوایا ہے تو انہیں بتانا ہوگا کہ کس کو اور کب بھیجا گیا۔ گورنر ہاؤس نے واضح کیا ہے کہ استعفیٰ موصول ہونے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

خیال رہے کہ علی امین گنڈاپور کے مستعفی ہونے کی خبر سامنے آنے کے 12 گھنٹے بعد بھی گورنر ہاؤس کو کوئی تصدیق نہیں ملی، جس سے صوبائی سیاسی منظرنامہ مزید الجھ گیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے استعفے میں تحریر کیا کہ وہ چیئرمین عمران خان کے حکم پر وزارتِ اعلیٰ سے استعفیٰ دے رہے ہیں۔ انہوں نے لکھا کہ وزارتِ اعلیٰ میرے لیے اعزاز تھی، اور میں نے قیادت کے فیصلے کی تعمیل میں یہ اقدام کیا۔

انہوں نے کہا کہ عہدہ سنبھالنے کے وقت صوبہ مالی بحران اور دہشت گردی کے چیلنجز سے دوچار تھا، مگر ڈیڑھ سال میں مالی استحکام اور ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دی۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے خط میں عمران خان، پارٹی کارکنان، کابینہ، اور بیوروکریسی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “میں نے ہمیشہ پاکستان کے مفاد میں فیصلے کیے۔”
انہوں نے اپنے استعفے کے آخر میں لکھا: “پاکستان زندہ باد، پاکستان تحریک انصاف پائندہ باد”۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا