ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں بھارتی پراکسی فتنۃ الخوارج کے خلاف انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے میجر سبطین حیدر شہید کی نمازِ جنازہ چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کر دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وفاقی وزیرِ اطلاعات، اعلیٰ فوجی و سول افسران اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شہید کی نمازِ جنازہ میں شرکت کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے میجر سبطین حیدر شہید کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ
“فتنۃ الخوارج یا کسی بھی انتہا پسند نظریے رکھنے والے گروہ کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔”
انہوں نے کہا کہ شہدا کا خون پاکستان کے دفاع، خودمختاری اور امن کے عزم کو مزید مضبوط کرتا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق میجر سبطین حیدر شہید کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی شہر میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔






