اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تاریخی دفاعی معاہدے کی توثیق کر دی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں کابینہ اراکین کو سعودی عرب، قطر، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور ملائیشیا کے سرکاری دوروں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔
کابینہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی اسٹریٹجک دفاعی معاہدے کی منظوری دی اور دونوں ممالک کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا۔
اجلاس میں محکمہ پلانٹ پروٹیکشن کے 15 ناقابل پرواز ہوائی جہازوں کو تعلیمی، یادگاری یا نمائش کے مقاصد کے لیے مختلف اداروں کو عطیہ کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔ باقی 4 قابل پرواز بیور ہوائی جہاز ٹڈی دل کے خلاف کارروائیوں کے لیے محمکہ کے زیر استعمال رہیں گے۔
کابینہ نے وزارت آبی وسائل کی سفارش پر واپڈا کے زیر انتظام اہم ڈیموں اور ہائیڈرو پاور منصوبوں کی حفاظت کے لیے خصوصی سیکورٹی فورس کے قیام کے لیے “واپڈا سیکورٹی فورس ایکٹ، 2025” کی اصولی منظوری بھی دی۔
اس کے علاوہ، وفاقی کابینہ نے اقتصادی رابطہ کمیٹی اور کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز کے حالیہ اجلاسوں میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق کی، تاہم آلٹرنیٹ میڈیسنز اینڈ ہیلتھ پراڈکٹس اینلسمینٹ رولز 2014 میں مجوزہ ترامیم کی منظوری نہیں دی اور اسے خصوصی کابینہ کمیٹی کے حوالے کیا گیا۔






