کراچی میں فائرنگ سے پولیو ورکر جاں بحق

0
219

کراچی: احسن آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیو ورکر جاں بحق، اہل خانہ نے واقعہ ڈکیتی مزاحمت قرار دے دیا

کراچی کے علاقے احسن آباد میں جامعہ الرشید مدرسے کے قریب موٹرسائیکل سوار نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے پولیو ورکر رحمان اللہ کو قتل کر دیا۔ مقتول اسکیم 33 کوئٹہ ٹاؤن کا رہائشی اور دو بچوں کا باپ تھا اور این جی او میں فیلڈ مانیٹر کے طور پر کام کر رہا تھا۔

پولیس کے مطابق مسلح ملزمان نے مقتول کو روکنے کی کوشش کی، جب وہ نہیں رکا تو اس پر فائرنگ کی گئی، جس سے وہ موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ جائے وقوع سے 30 بور پستول کا خول بھی ملا ہے اور سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جا رہی ہے۔

اہل خانہ نے واقعے کو ذاتی دشمنی کے بجائے ڈاکوؤں کی مزاحمت قرار دیتے ہوئے کہا کہ مقتول کے پاس اس کا موبائل، پرس اور موٹرسائیکل موجود تھی، اور یہ قتل اس کی ڈیوٹی کے دوران پیش آیا۔ انہوں نے پولیس سے ملزمان کی فوری گرفتاری اور انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے پولیو ورکر کی شہادت پر گہرے دکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ورکرز بچوں کے مستقبل کے محافظ ہیں، ان پر حملہ دراصل انسانیت اور معاشرے کے تحفظ پر حملہ ہے۔ انہوں نے پولیس اور انتظامیہ کو ملزمان کی فوری گرفتاری کی ہدایت دی اور مقتول کے اہل خانہ سے تعزیت بھی کی۔

پولیس نے مقتول کے کزن کی مدعیت میں قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ ڈی ایس پی سہراب گوٹھ اورنگزیب خٹک کے مطابق عینی شاہدین کے بیان کے مطابق تین نامعلوم مسلح افراد نے مقتول کو روکنے کی کوشش کی اور نہ رکنے پر فائرنگ کر کے موقع سے فرار ہو گئے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا