مصنوعی ذہانت ڈیجیٹل معیشت کو نئی بلندیوں تک لے جائے گی، وزیراعظم شہباز شریف

0
322

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے نفاذ اور جدید ترقی کے لیے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اہم ستون ثابت ہوگی، اور اس کے ذریعے قومی معیشت کو نئی بلندیوں تک پہنچایا جا سکتا ہے۔

مصنوعی ذہانت کے فروغ سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت آئی ٹی اور اے آئی کے شعبوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دے رہی ہے تاکہ ملکی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ مصنوعی ذہانت کو معیشت کی ترقی، صنعتی پیداوار میں بہتری، سرکاری نظام میں شفافیت اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بھرپور استعمال کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل معیشت کے نفاذ کو اے آئی کے ذریعے مزید مؤثر، تیز اور مضبوط بنایا جائے گا تاکہ پاکستان خطے میں نمایاں ٹیکنالوجی حب کے طور پر ابھر سکے۔

وزیراعظم نے مصنوعی ذہانت سے متعلق قومی پالیسی کے مؤثر اور فوری نفاذ کی ہدایت کی اور کہا کہ ڈیٹا پروٹیکشن، پرائیویسی اور ڈیٹا سورینیٹی جیسے پہلوؤں کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اے آئی کا استعمال ذمہ دارانہ اور عوامی مفاد کے مطابق ہونا چاہیے تاکہ تعلیم، صحت، زراعت، سکیورٹی اور دیگر اہم شعبوں میں اس کے ثمرات زیادہ سے زیادہ مل سکیں۔

اجلاس میں مصنوعی ذہانت کے فروغ اور نفاذ کے لیے ایک اسٹیئرنگ کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کی گئی جو پالیسیوں پر عمل درآمد کی نگرانی کرے گی، جبکہ ماہرین پر مشتمل ایک ایڈوائزری پینل بھی قائم کیا جا رہا ہے جو تکنیکی رہنمائی فراہم کرے گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی، وزیراعظم کے معاون خصوصی بلال بن ثاقب، سرکاری افسران اور اے آئی کے ماہرین نے شرکت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نوجوان آبادی اور ٹیکنالوجی کے بڑھتے ہوئے استعمال کی بدولت مستقبل میں مصنوعی ذہانت کے میدان میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، اور حکومت اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا