لاہور: پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی اور دہشت گردوں کو واپس عمران خان لے کر آئے۔
اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے دہشت گردی ختم کی تھی، جبکہ عمران خان نے دہشت گردوں کی سہولت کاری کی۔ نواز شریف نے پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد کیا اور متفقہ نیشنل ایکشن پلان بنایا، جبکہ عمران خان نے اس کی خلاف ورزی کی۔
انہوں نے کہا کہ 2018 کے بعد خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کی پشت پناہی دوبارہ شروع ہوئی۔ عمران خان نے قومی پالیسی کی خلاف ورزی کی اور دہشت گردوں کو واپس لانے کے ذمہ دار ہیں، انہیں اس کا حساب دینا ہوگا۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ آج دہشت گردی سے شہید ہونے والے ہر پاکستانی کا خون عمران خان کے ہاتھوں پر ہے۔ نواز شریف نے عزم اور ہمت سے دہشت گردوں کے خلاف جامع اور مؤثر آپریشن کر کے ملک کو محفوظ بنایا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان نے دہشت گردوں کو پناہ، رہائش اور مالی معاونت فراہم کی اور انہیں خیبر پختونخوا میں آباد کیا۔ دہشت گردی کے خاتمے کا آغاز ان سہولت کاروں سے ہونا چاہیے جنہوں نے اسے پنپنے دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کی افواج، پولیس، رینجرز اور عوام نے عظیم قربانیاں دیں۔ عمران خان نے دہشت گردوں کا ساتھ دے کر شہدا کے لہو سے بے وفائی اور ان کی قربانیوں کی توہین کی ہے۔






