کراچی میں گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور سعودی شہزادہ منصور بن محمد آل سعود کی موجودگی میں آئی ٹی ایجوکیشن اور اسپورٹس کے فروغ سے متعلق دو اہم یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔
یہ معاہدے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان نوجوانوں کی ترقی، ٹیکنالوجی کے فروغ اور کھیلوں میں تعاون کے نئے دور کا آغاز ہیں۔
تقریب میں سعودی سفیر نواف سعید المالکی، کراچی میں سعودی قونصل جنرل محمد عبداللہ السبیعی، پاکستانی سفیر احمد فاروق اور دیگر اہم شخصیات شریک تھیں۔
یادداشتوں کے تحت آئی ٹی کی جدید تعلیم، تربیتی پروگرامز، یوتھ ایکسچینج اور اسپورٹس ایونٹس کے ذریعے نوجوانوں کو نئے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔
گورنر سندھ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات ہمیشہ احترام اور تعاون پر مبنی رہے ہیں، اور یہ شراکت نوجوانوں کی صلاحیتوں کو مزید نکھارے گی۔
انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان جلد ایک دوستانہ میچ کرانے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔
شہزادہ منصور بن محمد آل سعود نے پاکستانی نوجوانوں کی صلاحیتوں کی تعریف کی اور کہا کہ سعودی عرب تعلیم، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا چاہتا ہے۔
تقریب کے اختتام پر نمائندوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط اور نوجوانوں کے لیے مفید ثابت ہوں گے۔






