غزہ امن معاہدہ: پہلے مرحلے میں 7 اسرائیلی یرغمالی ہلال احمر کے سپرد

0
466

غزہ امن معاہدے کے تحت آج 20 اسرائیلی یرغمالیوں کے بدلے تقریباً 2 ہزار فلسطینی قیدیوں کی رہائی عمل میں لائی جائے گی۔ پہلے مرحلے میں حماس نے 7 یرغمالی ہلال احمر کے حوالے کر دیئے ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق قیدیوں اور یرغمالیوں کے تبادلے کے لیے ریڈ کراس کی گاڑیاں غزہ کے دیر البلح علاقے میں پہنچ چکی ہیں۔ اسرائیلی جیلوں سے فلسطینی قیدی بسوں کے ذریعے منتقل کیے جا رہے ہیں، جنہیں رہائی کے بعد النصر ہسپتال لے جایا جائے گا۔ مجموعی طور پر 1966 قیدیوں کی رہائی کا عمل شروع ہو چکا ہے۔

اسرائیل کا کہنا ہے کہ جیسے ہی اسرائیلی مغوی رہا ہوں گے، فلسطینی قیدی بھی آزاد کر دیے جائیں گے۔ القسام بریگیڈ نے 20 زندہ اسرائیلی یرغمالیوں کی فہرست جاری کر دی ہے، جبکہ خان یونس میں رہائی کی تیاریاں مکمل ہیں اور عوام کی بڑی تعداد رہائی کے مقام کے قریب موجود ہے۔

ادھر مصر کے شہر شرم الشیخ میں آج غزہ امن معاہدے پر دستخط کی باضابطہ تقریب ہوگی۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم پاکستان شہباز شریف بھی شرکت کے لیے مصر روانہ ہو رہے ہیں۔

اس سے قبل بتایا گیا تھا کہ مغویوں کی واپسی کے بدلے میں اسرائیل 250 فلسطینی قیدی آزاد کرے گا، جن میں عمر قید یافتہ بھی شامل ہیں، جبکہ جنگ کے دوران گرفتار کیے گئے 1700 سے زائد ایسے قیدی بھی رہا ہوں گے جن پر کوئی الزام عائد نہیں کیا گیا۔ رہائی پانے والوں میں تقریباً دو درجن بچے بھی شامل ہیں۔

دوسری طرف امدادی سامان سے بھرے ٹرک غزہ میں داخل ہو رہے ہیں۔ اسرائیلی کارروائیوں کے باعث شمال سے جنوب کی طرف بےدخل کیے گئے فلسطینی واپس شمالی علاقوں کا رخ کر رہے ہیں، تاہم وہاں تباہی کے مناظر ان کا انتظار کر رہے ہیں کیونکہ غزہ شہر ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا