اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے آسٹریلیا کے ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے ملاقات کی، جس میں پاک آسٹریلیا تعلقات اور مختلف شعبوں میں باہمی تعاون کے فروغ پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
ملاقات کے دوران کوسٹ گارڈز، بارڈر مینجمنٹ اور انسانی سمگلنگ کی روک تھام کے لیے تعاون مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
آسٹریلوی ہائی کمشنر نے حالیہ دہشت گرد حملوں میں پولیس اور سیکیورٹی فورسز کے افسران و جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے قذافی اسٹیڈیم کی بحالی کے کام کی تعریف کرتے ہوئے اسلام آباد میں محسن نقوی کی زیر قیادت ترقیاتی منصوبوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔
نیل ہاکنز نے کہا کہ پاکستان میں ان کا وقت یادگار رہا، لاہور میں دربار بی بی پاکدامن ان کی پسندیدہ جگہوں میں شامل ہے، اور موجودہ دور میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کا وقار بڑھا ہے۔
اس موقع پر محسن نقوی نے کہا کہ حکومت غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی اور قانونی طریقہ کار کے فروغ پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وطن واپسی پر غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جبکہ انسانی سمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں ہائی کمشنر کی خدمات کو سراہا اور نیل ہاکنز کے مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
ملاقات میں وزیر مملکت طلال چودھری، وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم آغا اور آسٹریلوی ہائی کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔






