غزہ میں جنگ بندی کو چند روز ہی ہوئے ہیں لیکن اسرائیل نے دوبارہ جارحانہ لہجہ اختیار کرلیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِ دفاع یسرائیل کاٹز نے دھمکی دی ہے کہ اگر حماس نے معاہدے کی شرائط پوری نہ کیں تو جنگ دوبارہ شروع کی جاسکتی ہے۔
یسرائیل کاٹز نے الزام لگایا کہ حماس اب بھی 19 اسرائیلی مغویوں کی لاشیں روکے ہوئے ہے جو جنگ بندی کی خلاف ورزی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر لاشیں واپس نہ کی گئیں تو اسرائیل کے پاس دوبارہ جنگ کے سوا کوئی راستہ نہیں ہوگا۔
دوسری جانب حماس کا موقف ہے کہ دستیاب 9 لاشیں حوالے کردی گئی ہیں۔ باقی لاشوں تک رسائی تباہ شدہ علاقوں اور ملبے کے باعث ممکن نہیں۔ حماس نے کہا کہ ملبے تلے لاشیں نکالنے کے لیے وقت اور آلات درکار ہیں اور جنگ بندی کے دوران ریسکیو ٹیموں کو کام کی اجازت دی جائے تو تلاش کا عمل تیز ہوسکتا ہے۔






