لاہور: پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے تحت ہر قسم کے جلسے، جلوس، مظاہرے، ریلیاں اور دھرنے ممنوع قرار دیے گئے ہیں۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان کے مطابق یہ پابندی ہفتہ 18 اکتوبر تک برقرار رہے گی اور چار یا اس سے زائد افراد کے عوامی مقامات پر جمع ہونے پر مکمل روک لگائی گئی ہے۔
دفعہ 144 کے تحت لاؤڈ اسپیکر کے استعمال، اسلحے کی نمائش، اور اشتعال انگیز یا فرقہ وارانہ مواد کی اشاعت پر بھی پابندی ہوگی۔ تاہم شادی، جنازہ اور سرکاری فرائض انجام دینے والے اہلکار اس پابندی سے مستثنیٰ ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ یہ احکامات دہشت گردی اور امن عامہ کے خدشات کے پیش نظر جاری کیے گئے ہیں، تاکہ انسانی جانوں اور املاک کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی مظاہرے دہشت گردوں کے لیے سافٹ ٹارگٹ بن سکتے ہیں، اس لیے شہری کسی بھی غیر قانونی اجتماع میں شریک نہ ہوں۔






