لاہور:وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا بچوں کے لیے تحفہ اور خاندانوں کے لیے خوشیوں بھرا دن آ گیا۔
آٹھ برس بعد جنوبی افریقہ سے زرافے لاہور پہنچ گئے۔ صوبائی دارالحکومت کے چڑیا گھر میں زرافوں کی نئی جوڑی شامل ہوئی۔ 2022 میں نر زرافے کی موت کے بعد خالی باڑے میں ایک بار پھر زندگی لوٹ آئی، جبکہ سفاری پارک کی تاریخ میں پہلی بار زرافے لائے گئے ہیں۔
ان جانوروں کی آمد سے عوامی دلچسپی میں اضافہ ہوا۔ دو سالہ امپورٹ پابندی کے خاتمے کے بعد پنجاب میں جنگلی حیات کی بحالی کا نیا دور شروع ہوا ہے۔ یہ پابندی غیر معیاری سہولیات اور کمزور پروٹوکولز کی وجہ سے عائد کی گئی تھی۔
زرافوں کی آمد بین الاقوامی اعتماد اور دیکھ بھال کے نئے عزم کی علامت قرار دی جا رہی ہے۔ گزشتہ 18 ماہ میں پنجاب نے وائلڈ لائف قوانین اور انتظامیہ میں بڑی اصلاحات نافذ کیں۔ اب پنجاب کا نظام عالمی معیار کے مطابق تحفظ اور فلاح کے نئے معیار پر استوار ہو چکا ہے۔
لاہور ایک بار پھر بچوں کی ہنسی اور حیرت سے گونجے گا جب وہ ان نرم مزاج، دیوہیکل جانوروں کے قریب آئیں گے۔ شاندار پنجاب — الحمدللہ۔






