فیصل آباد میں مشیر وزیراعظم و سینیٹر رانا ثنا اللہ نے کہا کہ جو لوگ چالیس سال سے فتنہ پھیلا رہے تھے ان کو سبق سکھا دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں مخالفین کو جیلوں میں ڈالا گیا اور ان کے خلاف سزائے موت والا مقدمہ بنایا گیا۔
رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ اپوزیشن میں تھے تب بھی مذاکرات کی بات کرتے تھے لیکن ملک فتنہ اور فساد کا شکار تھا۔ اب سابق وزیراعظم کو بھی معافی نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے میثاق پاکستان کی دعوت دی ہے اور اگر پاکستان مضبوط ہوگا تو سب خوشحال ہوں گے۔
مشیر وزیراعظم نے کہا کہ جو لوگ ملک میں بیٹھ کر بات نہیں کر سکتے وہ افراتفری چاہتے ہیں، لیکن عسکری قیادت اور حکومت اس کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اب پاکستان میں دہشت گردی رک جائے گی اور ملک ترقی کرے گا۔ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں فیصل آباد میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے اور وہ زندگی بھر خدمت کے سفر میں مصروف رہیں گے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دو ایسے مواقع آئے جب دنیا کے مسلم ممالک نے پاکستان پر فخر کیا، ایک ایٹمی دھماکوں کے بعد اور دوسرا معرکہ حق میں فتح کے وقت، اور افغانستان کو بھی پیغام دیا کہ ان کی سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی نہیں ہونی چاہیے۔