سندھ میں ڈینگی کے کیسز میں خطرناک اضافہ، رواں سال 920 مریض رپورٹ

0
660

کراچی: سندھ بھر میں ڈینگی کے کیسز میں تیزی سے اضافہ جاری ہے۔ محکمہ صحت سندھ کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق رواں سال کے دوران صوبے میں ڈینگی کے 920 مصدقہ کیسز سامنے آ چکے ہیں۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق صرف رواں ماہ کے دوران 276 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، جن میں سے زیادہ تر کراچی ڈویژن سے تعلق رکھتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کراچی میں 124، حیدرآباد میں 82، میرپورخاص میں 58، سکھر میں 9، شہید بینظیرآباد میں 2 جبکہ لاڑکانہ میں 1 کیس رپورٹ ہوا ہے۔

وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے کہا کہ صوبے بھر میں انسدادِ ڈینگی مہم کو مزید تیز کر دیا گیا ہے۔ تمام اضلاع میں اسپرے، فاؤگنگ اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے احکامات جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور ضلعی صحت افسران کو ہدایت دی کہ کسی بھی علاقے میں پانی جمع نہ رہنے دیا جائے کیونکہ یہی مچھر کی افزائش کا بنیادی سبب بنتا ہے۔

ڈاکٹر عذرا پیچوہو نے بتایا کہ تمام سرکاری اسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کے لیے خصوصی یونٹس قائم کیے گئے ہیں، جہاں مفت علاج اور ٹیسٹنگ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ گھروں میں، خاص طور پر صحن، چھتوں اور گملوں میں پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھر سے بچاؤ کے اسپرے استعمال کریں اور بخار کی صورت میں فوری اسپتال سے رجوع کریں۔

وزیر صحت نے یقین دلایا کہ سندھ حکومت کی مانیٹرنگ ٹیمیں روزانہ کی بنیاد پر متاثرہ اضلاع کی نگرانی کر رہی ہیں اور صوبے بھر میں صورتحال پر مکمل قابو پانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات جاری ہیں۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا