ماضی کی معروف اسٹیج اداکارہ اور رقاصہ نرگس نے اپنے بیوٹی پارلر میں کام کرنے والی تمام خواتین کو اپنے ہمراہ عمرہ کروایا، جس پر سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے ان کے اس نیک عمل کو خوب سراہا جا رہا ہے۔
عمرے کے دوران نرگس نے ممتاز مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل سے مکہ مکرمہ میں ملاقات بھی کی۔ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نرگس مکمل برقع میں ملبوس ہیں اور مذہب سے وابستگی ان کی شخصیت میں واضح طور پر جھلک رہی ہے۔
ویڈیو میں نرگس نے بتایا کہ انہوں نے اپنا پہلا حج 2006 میں مولانا طارق جمیل کے ہمراہ کیا تھا، جس کے بعد ان کی زندگی میں مذہب کی جانب گہرا رجحان پیدا ہوا۔ نرگس نے کہا کہ کافی عرصے بعد دوبارہ مولانا طارق جمیل سے ملاقات ہوئی اور ہمیشہ کی طرح اس بار بھی ان کے بیان سے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔
اداکارہ نے مولانا طارق جمیل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ “آپ نے میرے سر پر شفقت بھرا ہاتھ رکھا اور مجھے دین سے روشناس کرایا”۔ نرگس نے مولانا صاحب سے اپنے شوہر اور اولاد کے لیے خصوصی دعا کی درخواست بھی کی۔
مولانا طارق جمیل نے نرگس کے نیک عمل کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ “آپ نے اپنے بیوٹی پارلر کے عملے کو عمرہ کروایا، یہ بہت قابلِ تحسین قدم ہے”۔ انہوں نے نرگس کے لیے دعا کی کہ اللہ انہیں دین پر مزید استقامت اور توفیق عطا فرمائے۔






