دھی رانی پروگرام، گوجرانوالہ کے 165 مستحق جوڑوں کی شادی

0
362

گوجرانوالہ:وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے فلاحی منصوبے “پنجاب دھی رانی پروگرام” کے تیسرے مرحلے کے تحت ضلع گوجرانوالہ کے 165 مستحق جوڑوں کی شادی کی گئی۔

صوبائی وزیرِ سوشل ویلفیئر و بیت المال سہیل شوکت بٹ نے اجتماعی شادی کی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب میں 17 مسیحی جوڑے بھی شامل تھے، جبکہ نوبیاہتا جوڑوں میں گوجرانوالہ سٹی کے 15، صدر کے 21، کامونکی کے 29، نوشہرہ ورکاں کے 46 اور وزیرآباد کے 54 جوڑے شامل تھے۔

سہیل شوکت بٹ نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ پنجاب دھی رانی پروگرام کے تحت رواں سال 5 ہزار سے زائد شادیاں کروائی جائیں گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے ہر نوبیاہتا جوڑے کو 2 لاکھ روپے سلامی اور عروسی جوڑا تحفے میں دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ پروگرام والدین کے مالی بوجھ میں کمی اور معاشرتی ناہمواریوں کے خاتمے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔ سہیل شوکت بٹ کا کہنا تھا کہ “اللہ تعالیٰ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اس عظیم مقصد کے لیے چنا ہے، ان کی قیادت میں پنجاب میں فلاحی اقدامات کی نئی تاریخ رقم ہو رہی ہے۔”

اجتماعی شادی کی اس پروقار تقریب میں اراکینِ اسمبلی بلال فاروق تارڑ، وقار چیمہ، عدنان چٹھہ، قیصر اقبال سندھو، عمران خالد بٹ، عمر فاروق ڈار، محمد نواز چوہان، عمانوئل اطہر سمیت اعلیٰ سرکاری افسران اور معزز شہریوں نے شرکت کی۔

والدین اور نوبیاہتا جوڑوں نے تقریب کے شاندار انتظامات پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور صوبائی وزیر سہیل شوکت بٹ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ پروگرام ہزاروں خاندانوں کے لیے خوشیوں کا باعث بنا ہے۔

ترك الرد

من فضلك ادخل تعليقك
من فضلك ادخل اسمك هنا