اسلام آباد: وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کے پروگرام کے تحت مصر نے پاکستان کو ادویات کا عطیہ دیا ہے۔
وفاقی وزارتِ صحت کی جانب سے اس موقع پر اسلام آباد میں خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں عرب جمہوریہ مصر کے ڈپٹی چیف آف مشن اور عالمی ادارہ صحت کے پاکستان میں نمائندہ نے شرکت کی۔
وفاقی وزیرِ صحت مصطفیٰ کمال نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور مصر کے تعلقات تاریخی، گہرے اور برادرانہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مصر نے ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے میں جو کامیابی حاصل کی ہے، وہ پوری دنیا کے لیے رول ماڈل ہے۔
وزیرِ صحت نے کہا کہ “پاکستان، مصر کے ماڈل سے رہنمائی حاصل کرتے ہوئے اپنے قومی اہداف کے حصول کے لیے پُرعزم ہے۔ یہ عطیہ پاکستان میں ہیپاٹائٹس سی کے خاتمے کی مہم کو تقویت دے گا اور صحتِ عامہ کے شعبے میں بین الاقوامی تعاون کا ایک نیا باب ثابت ہوگا۔”
اس موقع پر ڈپٹی چیف آف مشن مصر نے کہا کہ “یہ ادویات صرف ایک عطیہ نہیں بلکہ پاکستان اور مصر کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا عملی مظہر ہیں۔” انہوں نے واضح کیا کہ یہ ادویات خاص طور پر مستحق اور کمزور طبقات کے علاج میں استعمال کی جائیں گی۔






